دوپہر 2سے رات 11 بجے تک سڑک پر گاڑیوں کا داخلہ روک دیا جائے گا ، شہری پیدل خریداری کریں گے
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں پہلا واک اینڈ شاپ پراجیکٹ متعارف کرا دیا۔گلبرگ کی فیشن ایونیو سٹریٹ کو دوپہر 2سے رات11بجے تک واک اینڈ شاپ سٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا،مقررہ اوقات میں سڑک کے دونوں اطراف دروازے لگا کر گاڑیوں کا داخلہ روک دیا جائے گا۔ شہری گاڑیاں سڑک کے باہر پارک اور پیدل چل کر خریداری کریں گے۔منصوبے کے تحت فیشن ایونیو کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی گئی ، فٹ پاتھ بنا دئیے گئے، خوبصورت پھولوں کے بیڈز اور گرین بیلٹس تیار کی گئی ہیں۔ منصوبے کو توسیع دیتے ہوئے شہر کی مزید سڑکوں کو واک اینڈ شاپ میں تبدیل کرنے کا اراداہ ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے مطابق واک اینڈ شاپ سٹریٹ سے لاہور کو جدید شہروں کی صف میں شامل کیا جائے گا اور شہری فضا کو آلودگی سے پاک کرنے کا ہدف بھی حاصل ہو گا۔