5 ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت ٹرانسپورٹ سسٹم بہتر بنانے کیلئے ، اداروں کو ایک چھت تلے یکجا کیا جائے گا
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور کا ٹرانسپورٹ سسٹم بہتر بنانے کے لئے تمام اداروں کو ایک چھت تلے یکجا کرنے کا پلان بنالیا گیا، وزیر اعلیٰ نے شہر کے مرکز میں ایک جدید اور بلند بالا ٹرانسپورٹ ٹاور بنانے کی منظوری دے دی ۔ 5 ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والا یہ منصوبہ آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ تفصیل کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم موجودگی اور ٹرانسپورٹ سے متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطے کا فقدان ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، اسی تناظر میں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور کے مرکز میں ‘‘کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر/ٹرانسپورٹ ٹاور’’بنانے کی منظوری دے دی گئی ۔ منصوبے پر مجموعی طور پر5ارب60کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔محکمہ خزانہ نے آئندہ مالی سال 2025-26 میں اس منصوبے کیلئے خطیررقم جاری کرنے کی ہدایت کر دی ۔ اس ٹاور میں ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ساتھ اس سے منسلک خودمختار ادارے اور مستقبل میں قائم کئے جانے والے مجوزہ ادارے جیسے کہ ‘‘ای وی موبلیٹی اتھارٹی’’ بھی شامل ہوں گے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹاور کی تعمیر کیلئے پہلے مرحلے میں سرکاری زمین کی دستیابی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر اراضی کی خریداری کیلئے اضافی فنڈز مختص کئے جائیں گے۔