اللّٰہ کو منظور ہوا تو مجھے عمرے پر جانے کی اجازت ملے گی: شیخ رشید

اللّٰہ کو منظور ہوا تو مجھے عمرے پر جانے کی اجازت ملے گی: شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے انہیں عمرہ کے لیے جانے کی اجازت ملے گی۔

 لاہور ہائی کورٹ پنڈی بینچ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ان کے کیس میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی ہے اور عدالت سے حکم امتناع حاصل کیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ان کا کیس آئندہ منگل تک جاری رہے گا۔اس سے قبل، ایف آئی اے اور پاسپورٹ امیگریشن حکام کے خلاف شیخ رشید احمد کی رٹ پٹیشن پر سماعت جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں ہوئی۔عدالت میں شیخ رشید اپنے وکیل سردار عبدالرزاق خان کے ہمراہ پیش ہوئے، جہاں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ حکام نے سنگل بینچ فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی ہے۔
ڈویژن بینچ نے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کیا اور کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ عدالت نے شیخ رشید کو عمرہ پر جانے کے احکامات دیے تھے، مگر وہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روک لیے گئے تھے، جس کے خلاف انہوں نے رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔