اللّٰہ سے پوری امید ہے یہ کیس جیتوں گا، میں عمرے پر جاؤں گا، شیخ رشید

اللّٰہ سے پوری امید ہے یہ کیس جیتوں گا، میں عمرے پر جاؤں گا، شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انہیں اللّٰہ پر پوری امید ہے کہ وہ کیس جیتیں گے اور اس کے بعد عمرے پر جائیں گے۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ انہیں عمرے پر جانے سے روکا گیا تھا اور اس حوالے سے حکومت نے عدالت میں رِٹ دائر کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تاحال کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔شیخ رشید نے بتایا کہ عدالت نے آج کیس کو چھٹیوں کے بعد سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔اس سے قبل شیخ رشید احمد کی عمرے پر جانے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں سماعت ہوئی، جہاں وہ اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس جواد حسن اور جسٹس رضا قریشی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے جلد سماعت کی اپیل پر عائد اعتراضات دور کر دیے۔سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت عدالتی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی۔