آیا پائلٹ کرتب دکھاتے لازمی تین سو فٹ کی نچلی حد سے نیچے تو نہیں آگیا تھا
دبئی (آ ئی این پی )دبئی ایئرشو کے دوران بھارتی تِیجس جنگی طیارے کے ہولناک حادثے میں پائلٹ کی ہلاکت کے بعد اماراتی حکام نے جامع تحقیقات کا آغاز کردیا ۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ابتدائی توجہ اس امر پر مرکوز ہے کہ آیا پائلٹ کرتب دکھاتے ہوئے لازمی تین سو فٹ کی نچلی حد سے نیچے تو نہیں آگیا تھا، اور کیا اس نے تمام منظور شدہ فلائنگ پروٹوکولز پر مکمل طور پر عمل کیا تھا۔تحقیقات میں متحدہ عرب امارات کی سول ایوی ایشن اتھارٹی، اماراتی مسلح افواج کا ایوی ایشن ڈویژن اور دبئی ایئرشو کی فِلائنگ کنٹرول کمیٹی (ایف سی سی ) مشترکہ طور پر شامل ہیں۔ یہ ادارے حادثے سے قبل کی صورتحال سمجھنے کے لئے تکنیکی معلومات، پرواز کے ریکارڈ اور منظوری سے متعلق تمام دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق، تفتیش کار ریڈار ڈیٹا، فلائٹ پاتھ ریکارڈنگز اور انتہائی واضح ویڈیو فوٹیج کی مدد سے اس لمحہ بہ لمحہ ترتیب کو تشکیل دے رہے ہیں جس کے دوران طیارہ نیچے اترا اور گر کر تباہ ہوا۔ اس کے ساتھ ہی فلائنگ کنٹرول کمیٹی یہ بھی دیکھ رہی ہے کہ آیا طیارے نے کوئی ایسا کرتب تو نہیں آزمایا جو ایئرشو کے لیے پہلے سے منظور شدہ فہرست میں شامل نہیں تھا۔