دبئی ایئر شو میں بھارتی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ،پائلٹ ہلاک

 دبئی(خصوصی رپورٹ )دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی ساختہ تیجس لڑاکا طیارہ فضائی مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس سے پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بھارت اپنی دفاعی صنعت کو تیزی سے مقامی بنیادوں پر استوار کرنے کی کوششوں میں مصروف تھا۔سرکاری ادارہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL)بھاری پیمانے پر آرڈرز پر کام کر رہا تھا ،واقعہ کے بعد کمپنی کے شیئر ز کی قدر گر گئی۔بھارتی میڈیا حالیہ دنوں میں اس طیارے کو پاکستان کیلئے ڈرائونا خواب قرار دے رہا تھا۔حادثہ جمعہ کی دوپہر دبئی کے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس وقت رونما ہوا جب طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے اچانک نیچے آیا اور زمین سے ٹکرانے کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھنے لگے۔ ایئر شو کے تمام فضائی مظاہرے فوری طور پر روک دئیے گئے جبکہ ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ کا رخ کیا۔ انڈین ایئر فورس نے اس حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔یہ حادثہ دنیا کے تیسرے سب سے بڑے ایئر شو میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے، پہلے دو بڑے پیرس اور برطانیہ کے فارنبورو ایئر شو ہیں۔چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں بھی تھیں کہ ایئر شو میں رکھے گئے اس لڑاکا طیارے کے فیول ٹینک سے تیل کا اخراج ہوتا رہا لیکن بھارتی حکومت کی جانب سے تردید کی گئی۔ تیجس کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے، اس سے قبل مارچ 2024 میں انڈیا کی مغربی ریاست راجستھان میں بھی ایک تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔