دبئی ایئر شو : طیارے کے حادثے میں ہلاک بھارتی پائلٹ کی میت انڈیا پہنچا دی گئی

نئی دہلی (خصوصی رپورٹ )دبئی میں ایک ایئر شو کے دوران انڈین فضائیہ کے تیجس لڑاکا طیارے کے حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے انڈین پائلٹ کی میت بھارت پہنچا دی گئی ۔بی بی سی کے مطابق نمن سیال کی لاش کو انڈین فضائیہ کے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے تامل ناڈو کے کوئمبٹور میں واقع سلور ایئر بیس لایا گیا۔یو اے ای میں انڈیا کے سفارت خانے کی جانب سے ایکس اکائو نٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین سفیر دیپک متل اور کونسل جنرل ستیش سیون نے ونگ کمانڈر نمن سیال کو خراج عقیدت پیش کیا۔ونگ کمانڈر نمن سیال کا تعلق انڈیا کی ریاست ہماچل پردیش کے کانگڑا ضلع سے تھا۔جمعے کے روز دبئی کے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقد ہونے والے ایئر شو کے آخری روز انڈین فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر نمن سیال تیجس لڑاکا طیارے میں کرتب دکھا رہے تھے کہ طیارہ اچانک بے قابو ہو کر تیزی سے زمین کی طرف آیا اور گِر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں نمن سیال ہلاک ہو گئے تھے۔