پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کو حتمی قرار دیا۔
ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں، جو بیرسٹر سیف اور بیرسٹر گوہر علی خان نے کی، اسلام آباد مارچ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی کال فائنل ہو چکی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا مذاکرات جاری ہیں، انہوں نے جواب دیا کہ انشاء اللہ جلد اس پر تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ عمران خان کی 24 نومبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال کے بعد پی ٹی آئی کا قافلہ صوابی سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں اسلام آباد روانہ ہو چکا ہے، جس میں بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما اور کارکن شامل ہیں۔