( نشتر ہسپتال میں ایڈز )وزیراعلی کا ایکشن‘ ایم ایس ‘5ڈاکٹر اور ہیڈ نرس معطل،جرمانے کا حکم

ڈاکٹروں کوایڈز سے متاثرہ مریضوں کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم ‘ مجرمانہ غفلت برتی گئی، علاج کیلئے آنے والے لوگ سرکاری ہسپتال سے ایڈز لے کر جائیں، قطعاً برداشت نہیں: مریم نواز
 بچوں کو کتے کے کاٹنے سے بچائو ‘شر پسند عناصر کی سرکوبی ‘ عوام کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں:وزیراعلی‘ ستھرا پنجاب کیلئے بہتر کارکردگی پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو سراہا

لاہور (سپیشل رپورٹر) ڈائیلسز کے دوران ایڈز پھیلنے کے مجرمانہ غفلت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سخت ایکشن لیتے ہوئے نشتر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد کاظم سمیت6 ڈاکٹر وںاور ہیڈنرس کومعطل کر دیا اورسیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔نشتر میڈیکل یونیورسٹی نیفرالوجی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر غلام عباس،پروفیسر ڈاکٹر پونم خالد،سینئر رجسٹرار ڈاکٹر محمد قدیر، ڈاکٹر ملیحہ جوہر،میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عالمگیر اورہیڈ نرس ناہید پروین کو معطل کر دیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال جاکرڈائیلسز مریضوں میں ایڈز پھیلنے کے واقعہ کی خود جانچ پڑتال کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سیکرٹری صحت کو پیڈا ایکٹ کے تحت ڈاکٹرز اور دیگر عملے کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی اورڈاکٹروں کو غفلت ثابت ہونے پرایڈز سے متاثرہ مریضوں کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ایڈز پھیلنے کے واقعہ میں مجرمانہ غفلت برتی گئی۔ سارے وسائل ہیلتھ کے لئے وقف کر دئیے لیکن رزلٹ مثبت نہیں آرہے۔ علاج کے لئے آنے والے لوگ سرکاری ہسپتال سے ایڈز لیکر جائیں یہ قطعاً برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعما ل شدہ سرنجیں ایڈز پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں کو کتے کے کاٹنے سے بچائو کے لئے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ملتان ڈویژن میں امن امان، عوامی اور انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ستھرا پنجاب کے لئے بہتر کارکردگی پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو سراہا ۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر حکام کو دیہات میں جا کر صفائی کے انتظامات چیک کرنے اور کتے کے کاٹنے کے واقعات پر مکمل قابو پانے کی ہدایت کی۔ شر پسند عناصر کی سرکوبی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا۔