پیپلزپارٹی سندھ کے پانی پر کسی کو نظر رکھنے کی اجازت نہیں دے گی، سندھ کے پانی پر نظر رکھنے پر پیپلزپارٹی فرنٹ پر رہی ہے
6 کینالوں کا منصوبہ منظور نہیں ، بلاول بھٹو چاہتے ہیں ن لیگ سے جو تحفظات ہیں وہ دور ہوں:وزیراعلی کا تقریب سے خطاب
کراچی(آئی این پی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے سندھ کے پانی کے حصے کا ایک بھی قطرہ کہیں نہیں جانے دیں گے۔عالمی یوم اطفال پر محکمہ سوشل ویلفیئر کی سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت آگاہی واک کی تقریب سے وزیراعلی سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے واضح طور پر ن لیگ کو تحفظات بتائے ہیں، بلاول بھٹو چاہتے ہیں ن لیگ سے جو تحفظات ہیں دور ہوں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے معاملے پر سندھ کا موقف واضح ہے، پیپلزپارٹی سندھ کے پانی پر کسی کو نظر رکھنے نہیں دے گی، سندھ کے پانی پر نظر رکھنے پر پیپلزپارٹی فرنٹ پر رہی، جبکہ سندھ کے پانی سے متعلق بلاول بھٹو سے بات ہوئی ہے۔وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے کہ 6 کینالوں کا منصوبہ منظور نہیں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے پانی پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گی، ہم نے محترمہ بینظیر بھٹو کے دور میں بھی کالاباغ ڈیم کی مخالفت کی تھی۔