سندھ میں کسی کو زمینوں پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے:مراد علی شاہ

کراچی (آئی این پی)سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے جمعرات کے روز ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت حسن بخشی کر رہے تھے۔ مرادعلی شاہ نے واضح کیا کہ سندھ میں کہیں بھی زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں زمین پر غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ میں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ زمین پر کسی بھی قسم کے غیر قانونی قبضے کو برداشت نہیں کیا جائے گا‘اجلاس کے دوران وفد نے وزیر اعلیٰ کو موصول ہونے والی بھتہ خوری کی “پرچیاں” اور ان افراد کے ٹیلی فون نمبرز بھی فراہم کیے جو مبینہ طور پر بیرونِ ملک سے یہ پرچیاں بھجوا رہے تھے۔ وفد نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے ارکان کو درپیش مسائل سے بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسی صورت میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کو فوری طور پر متعلقہ حکام سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے آپ کو بھتہ کی پرچی دی یا کسی قسم کی ادائیگی کی گئی تو آپ کو وزیر داخلہ سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔