متعدد پروازیں متاثر ، حادثات میں 2 افراد ہلاک ،ہزاروں گھر بجلی سے محروم،، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
لندن(آئی این پی )سمندری طوفان’’ برٹ ‘‘برطانیہ سے ٹکرا گیا جس کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ساحلی علاقوں میں 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں ۔مختلف حادثات میں 2 افراد ہلاک اور ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔ انگلینڈ اور ویلز میں 4 ہزار سے زائد عمارتیں بجلی سے محروم ہوگئیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے، برف پگھلنے اور تیز ہوا کے سبب سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے 100 سے زائد سیلاب کی وارننگز اور الرٹ جاری کی ہیں۔طوفان کے باعث اتوار کو بھی ریل شیڈول متاثر ہے، ویک اینڈ پر 339 ٹرینیں منسوخ ہوگئیں۔ اس کے علاوہ نیو کاسل ائیر پورٹ پر خراب موسم کے سبب پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ درجہ حرارت صفر سے بھی نیچے گرگیا۔ چیسٹر لی سٹریٹ ، سکاٹ لینڈ، شمالی اور وسطی انگلینڈ میں شدید برف باری ہوئی، تیز ہواں اور بارش نے بھی برطانیہ بھر میں تباہی مچا دی، نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ برف باری کی وجہ سے کئی سڑکیں بند کر دی گئیں، کئی علاقوں میں ٹرین سروس بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔نیو کیسل ہوائی اڈے پر متعدد پروازیں شدید متاثر ہوئی ہیں، حکام نے شہریوں سے غیر ضروری سفر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔