ملزمان نے 2 ہفتے قبل ڈیفنس فیز 5 میں ڈکیتی مزاحمت پر سکیورٹی گارڈ کوقتل کیا تھا،پانچ لاکھ بھی چھینے
کراچی (آئی این پی )کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں اسنیپ چیکنگ کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن گندا نالہ اسٹاپ پر اسنیپ چیکنگ کے دوران مسلح ملزمان اور پولیس کے درمیان مبینہ طور پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس حکام کا بتانا ہے کہ مقابلے میں ہلاک ملزمان سے اسلحہ اور 2موٹرسائیکلیں بھی برآمد ہوئیں۔ڈی آئی جی سا ئوتھ اسد رضا نے اس حوالے سے بتایا کہ ملزمان میں عبدالستار، سری چند، راج کمار اور نواب احمد شامل ہیں، ہلاک ملزمان کا کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 2 ہفتے قبل ڈیفنس فیز 5 میں ڈکیتی مزاحمت پر سکیورٹی گارڈ کوقتل کیا تھا جبکہ ملزمان مقتول سعید سے 5 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے۔