اسپین کے ساحلی علاقے ایلیکینٹ میں کھدائی کے دوران تقریباً 2 ہزار سال پرانا رومن دور کا سنگِ مرمر کا مجسمہ دریافت ہوا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مجسمہ ساحل المدرابا پر تعمیراتی کام کے دوران ملا، جہاں ابتدائی طور پر اسے محض ایک پتھر کا ٹکڑا سمجھا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے تصدیق کی کہ یہ ایک قدیم رومن مجسمہ ہے جو دوسری صدی عیسوی سے تعلق رکھتا ہے۔ماہرین کے مطابق سفید سنگِ مرمر سے بنا یہ مجسمہ کافی حد تک محفوظ حالت میں ہے اور اس کا صرف ناک کا معمولی حصہ متاثر ہوا ہے، جبکہ مجموعی ساخت تقریباً برقرار ہے۔
آثارِ قدیمہ کے ماہرین نے اس دریافت کو حالیہ برسوں میں ایلیکینٹ خطے کی اہم ترین تاریخی دریافتوں میں سے ایک قرار دیا ہے، جو اس علاقے کی قدیم تہذیب اور رومن دور کی موجودگی پر نئی روشنی ڈالتی ہے۔ابتدائی تحقیق کے مطابق یہ مجسمہ ممکنہ طور پر رومن دیوی وینس کی نمائندگی کرتا ہے، تاہم اس کی حتمی شناخت کے لیے مزید سائنسی تجزیہ جاری ہے۔