ملزمان قیمتی موبائل فون، نقدی اور لیپ ٹاپ لوٹ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے
اسلام آباد(آئی این پی وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کوہسار کی حدود میں واقع ایک گیسٹ ہاوس کے اندر نامعلوم ملزمان نے غیر ملکی شہریوں کو مبینہ طور پر تشدد اور ڈکیتی کا نشانہ بنایا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزمان نے گیسٹ ہائوس میں گھس کر غیر ملکی شہریوں پر چوری اور ڈکیتی کی واردات کی، جبکہ مزاحمت کرنے پر انہیں رسیوں سے باندھ کر شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ملزمان غیر ملکی شہریوں کے قیمتی موبائل فون، نقدی اور لیپ ٹاپ لوٹ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان واردات کے بعد ایک سیاہ رنگ کی گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوئے۔ متاثرہ غیر ملکی شہریوں نے واقعے کے بعد گیسٹ ہائوس کے مالک پر ملزمان کی سہولت کاری کا شبہ ظاہر کیا ہے، جس پر پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا ۔دوسری جانب تھانہ کوہسار پولیس نے ڈکیتی کی اس سنگین واردات اور تشدد کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔