امریکہ، اسرائیل اور ایران جنگ رکوانے کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں:چینی سفیر

   اسلام آباد (آن لائن) چین کے سفیر جیانگ زے ڈونگ نے امریکہ، اسرائیل، ایران جنگ رکوانے کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں اسلام آباد کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا ہے۔میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ اور خطے میں کشیدگی ختم کرکے پائیدار امن کے قیام کیلئے ثالثی کا مثبت کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہ بعض ممالک نے اجارہ دارانہ رویہ ا پنایا ہے، جو عالمی روایات، قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے کو اس صورتحال میں فوری اور موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر شی جن  پنگ نے دنیا میں امن وا مان برقرار رکھنے کیلئے گلوبل گورننگ کی تجویز پیش کی تھی جسکی پاکستان سمیت کئی ممالک نے حمایت کی۔ انہوں نے اس تجویز کے مطابق منصفانہ عالمی نظام کی ضرورت پر زور دیا۔چین کے پندرھویں پانچ سالہ معاشی اور سماجی ترقی کے قومی پروگرام کے حوالے سے ان کاکہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون پائیدار اور جامع ہے۔ یہ تعاون زندگی کے تمام شعبوں اور پاکستان کے تمام علاقوں پر لاگو ہوتا ہے۔