کراچی: جے یو آئی کے رہنما مولانا شیر زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج

کراچی: جے یو آئی کے رہنما مولانا شیر زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے خیرآباد میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا شیر زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ منگھو پیر تھانے میں مقتول کے ماموں شوکت خان کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق مقتول کے ماموں کو آبائی گاؤں بٹگرام سے فون آیا اور انہیں کراچی کے عباسی شہید اسپتال پہنچنے پر بتایا گیا کہ ان کے بھانجے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔مقدمے کے مطابق مولانا شیر زادہ مومن آباد میں گھر سے سحری کے بعد مسجد جانے کے لیے نکلے تھے، اور منگھو پیر کے 100 فٹ روڈ پر انہیں نامعلوم ملزمان نے قتل کر دیا۔دوسری جانب نائب صدر جے یو آئی سندھ، قاری عثمان نے کہا کہ مولانا شیر زادہ کی نمازِ جنازہ گزشتہ روز ادا کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا شیر زادہ کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔قاری عثمان نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت علماء کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے، اور سندھ حکومت کو علماء کے تحفظ کے لیے فوری طور پر ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔