3 گھنٹے میں پاس کیا گیا بجٹ قبول نہیں :بانی، ایمرجنسی لگا کر صوبے پر قبضے کی سازش کی جارہی : علی امین
بوجھ نہیں اٹھا سکتے تو گھر جائیں: علیمہ خان نے حکم دیا تو خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کردیں گے. بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ )اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں صحافی نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان سے سوال کیا کہ کیا مائنس عمران خان ہوچکا ہے؟ عمران خان نے کہا تھا کہ بجٹ میری منظوری سے ہوگا ؟ اس پر انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے مائنس عمران خان ہی ہوگیا ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بیرسٹر سیف اور ظہیر عباس چودھری دو بہنوں جبکہ بشریٰ بی بی سے بھابی مہرالنسا نے ملاقات کی ،ملاقات کے اختتام پر بیرسٹر سیف میڈیا سے کوئی گفتگو کئے بغیر روانہ ہوگئے۔ ملاقات کرنے والی بہنوں ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین نیازی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا خیبرپختونخوا کا بجٹ قبول کرلیں جو تین گھنٹے میں پاس کر لیا گیا۔ معاشی ٹیم سے میری مشاورتی ملاقات کی اجازت کیلئے پارٹی سپریم کورٹ جائے، بجٹ میں جو تبدیلیاں کرنا پڑیں اسے دیکھوں گا۔ ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین نیازی کی بانی سے ملاقات ہوئی ہے لیکن مجھے اس بار بھی نہیں جانے دیا گیا۔ بانی نے کہا کہ بیرسٹر سیف بھیجے گئے تھے انہوں نے سمجھانے کی کوشش کی کہ بجٹ اتنی جلدی اور مجبوری میں کیوں پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کچھ لوگ ایجنڈے کے تحت بانی پی ٹی آئی کو کمزور کررہے ہیں، خیبرپختونخواہ میں فنانشنل ایمرجنسی لگا کر صوبے پر قبضے کی سازش کی جارہی تھی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بجٹ شیڈول کے مطابق پاس کرنا پڑتا ہے،بانی پی ٹی آئی ہمارے لیڈر ہیں ان کا فیصلہ حتمی ہے ، بانی پی ٹی آئی نے بجٹ پیش کرنے سے منع نہیں کیا تھا، بانی نے بجٹ پر مجھ سے ملاقات کا مطالبہ کیا تھا۔کچھ لوگ بانی پی ٹی آئی کے مخالفین کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ کچھ لوگ ایجنڈے کے تحت بانی پی ٹی آئی کو کمزور کررہے ہیں، خیبرپختونخواہ تحریک انصاف کا قلعہ اور گڑھ ہے، خیبرپختونخواہ میں فنانشنل ایمرجنسی لگا کر صوبے پر قبضے کی سازش کی جارہی تھی،ہمارے بہت سے لوگ سازش کا حصہ بنے ان کا تعین آپ خود کریں، سازشوں کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکم دیا تو خیبر پختونخوا کی اسمبلی تحلیل کردیں گے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتوں نے مایوس کیا ہے لیکن اللہ سے امید ہے کہ کہیں نہ کہیں سے تو عمران خان کو انصاف ملے گا.انہوں نے کہا کہ عمران خان کیخلاف 300 مقدمات درج ہوئے، جیل جانے سے پہلے وہ 350 پیشیاں بھگت چکے تھے، پانچ دن کے اندر سابق وزیراعظم کو تین سزائیں ہوئیں جس میں 45 سال کی سزا سنائی گئی انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ کو بھی سزائیں دی گئیں، کتابیں تک نہیں دینے دے رہے، رولز کی خلاف ورزی کر کے ملاقاتیں نہیں کرنے دیتے، عمران خان کو بڑے بڑے مائنس کرنا چاہتے تھے مگر وہ نہیں کر سکے.بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ پاس نہیں ہوا، بجٹ پاس ہونے میں ابھی بھی کچھ دن باقی ہیں، یہ عمران خان کی اسمبلی ہے ان کا ووٹ ہے وہ جیسے کہیں گے ویسا ہوگا، بانی چیئرمین جو حکم کریں گے وہ ہم مانیں گے، اسمبلی تحلیل کا کہیں گے تو کر لیں گے. انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ ہمارا نہیں بلکہ عمران خان کا ہے، اگر سابق وزیراعظم نہ ہوتے تو مجھے میرے خاندان والے بھی ووٹ نہ دیتے دریں اثنا تحریک انصاف کی راہنما زرتاج گل نے جوڈیشل کمپلیکس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26 نومبر کو اپنا حق لینے کیلئے آنے والے شہریوں پر گولیاں چلائی گئیں، انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں تحریک انصاف کے کارکنان کھڑے ہیں، مقدمات تو پی ڈی ایم کی حکومت کے خلاف دائر ہونے چاہئیں.زرتاج گل کا کہنا تھا کہ عدالتی چھٹیاں آنے والی ہیں لیکن 190 ملین پا?نڈ کیس مقرر نہیں ہو پارہا، وزیراعلی پنجاب ٹک ٹاکر ہیں، دس کھرب روپے کا پنجاب کو ٹیکا لگا دیا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا رویہ مایوس کن ہے.