مذاکرات ہی ہر مسئلے کا پائیدار اور دیرپا حل ہیں، جنرل سیکرٹری اے این پی پنجاب کا ایرانی حکومت وعوام سے اظہاریکجہتی
ایران پاکستان کو کم قیمت پر توانائی اور ایندھن فراہم کر سکتا ہے، جو دونوں ممالک کے مفاد میں ہوگا،ڈاکٹر اصغر مسعودی
لاہور(خصوصی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری امیر بہادر خان ہوتی نے لاہور میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل ڈاکٹر اصغر مسعودی سے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں علاقائی صورتحال، باہمی تعلقات اور تجارتی تعاون سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امیر بہادر خان ہوتی نے حالیہ دنوں ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور ایرانی حکومت و عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی عدم تشدد، امن اور بات چیت پر یقین رکھتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مذاکرات ہی ہر مسئلے کا پائیدار اور دیرپا حل ہیں۔ملاقات میں قونصل جنرل ڈاکٹر اصغر مسعودی نے امیر بہادر خان ہوتی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ دوستانہ، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر مسعودی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران پاکستان کو کم قیمت پر توانائی اور ایندھن فراہم کر سکتا ہے، جو دونوں ممالک کے مفاد میں ہوگا۔ملاقات میں دو طرفہ سیاسی، سماجی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا اور علاقائی امن و ترقی کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ملاقات کے بعد ایرانی کونسل جنرل کی جانب سے امیر بہادر خان ہوتی کو قرآن پاک کا تحفہ بھی دیا گیا۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی لاہور کے ضلعی صدر نثار خان بھی موجود تھے۔