2برس میں 13 ملین پاسپورٹ بنائے گئے: محکمہ پاسپورٹس

پاسپورٹ دفاتر کی تعداد 232،17سال میں55ملین پاسپورٹس کا اجراء کیا گیا،ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی   
اسلام آباد (آئی این پی )ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے کہا ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران محکمہ پاسپورٹس کو جدید تقاضوں پر استوار کیا گیا، شہریوں کو بروقت اور محفوظ پاسپورٹس کی فراہمی اولین ترجیح ہے، بیگ لاک کے خاتمے سے لیکر 24/7خدمات فراہمی ممکن بنائی گئی ۔تفصیل کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق پاسپورٹس بیگ لاک کے خاتمے سے لیکر ملک بھر میں 24/7اور بروقت خدمات کی فراہمی جاری ہے، پاسپورٹ دفاتر کی پاکستان میں مجموعی تعداد 232تک پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ 17سال میں 3.4ملین سالانہ مجموعی 55ملین پاسپورٹس کا اجراء کیا گیا، گذشتہ دو سال میں مانگ میں اضافے کی وجہ سے سالانہ 6.7ملین مجموعی 13ملین پاسپورٹس جاری کیے گئے۔ ایک سال میں 1لاکھ 30ہزار 318اورسیز پاکستانیوں کو آن لائن پاسپورٹ کی سروسز فراہم کی گئیں، گذشتہ 16سال میں محکمہ پاسپورٹس نے مجموعی طور پر 295.7بلین روپے حکومتی خزانے میں جمع کروائے۔ دو سال میں رقم دوگنی یعنی 40 بلین روپے سالانہ حکومتی خزانے میں جمع کروائی گئی، محکمہ کی جانب سے گذشتہ ایک سال میں 53پاکستان سیٹیزن شپ سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔