پاکستان کا نظام صحت خود بیمار ہے: مصطفی کمال

   آبادی 3.6فیصد کے حساب سے بڑھ رہی ہے ، ہم ہر سال ایک نیا ملک پیدا کر رہے ہیں،وفاقی وزیر صحت
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے پاکستان کا نظام صحت خود بیمار ، ہیلتھ کیئر سسٹم میں کئی خرابیاں ہیں، پاکستان میں آبادی 3.6 فیصد کے حساب سے بڑھ رہی ہے جبکہ ہر سال آبادی میں 61لاکھ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے، دنیا میں سب سے تیزی سے بڑھتی آبادی پاکستان کی ہے۔ پہلی نیشنل ہیلتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ہم ہر سال ایک نیا ملک پیدا کر رہے ہیں، پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے سب سے زیادہ مریض ہیں، شوگر کے مریضوں میں بھی پاکستان سرفہرست ہے، پولیو صرف پاکستان اور افغانستان میں باقی ہے، 40 فیصد پاکستانی بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پمزہسپتال میں مریضوں کا رش اور جگہ کم پڑ گئی ہے، ہسپتالوں میں جانے پر لگتا ہے جیسے جلسہ ختم ہوا ہے، پاکستان میں 2کروڑ 60لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، 68فیصد بیماریاں گندے پانی سے پھیلتی ہیں، اربوں روپے کے ہسپتال بنا رہے ہیں مگر کتنے بنائیں گے؟۔ان کا کہنا تھا کہ 70فیصد مریض غیر ضروری طور پر بڑے اسپتال جاتے ہیں، ننھے بچے کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہو رہے ہیں، ہمیں انسان کو بیماری سے بچانے کی طرف جانا ہوگا۔