لاہور، کراچی سے50سال آگے نکل چکا، شہری حقوق کےلیے عوام کو سڑکوں پر لاکر تحریک چلائیں گے، مصطفیٰ کمال

لاہور، کراچی سے50سال آگے نکل چکا، شہری حقوق کےلیے عوام کو سڑکوں پر لاکر تحریک چلائیں گے، مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی اب کراچی کے حقوق کے لیے خاموش نہیں رہے گی اور عوام کو سڑکوں پر لا کر احتجاجی تحریک چلائے گی۔

کراچی میں مرکزی کمیٹی اور اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ کو گزشتہ 18 برس میں 22 ہزار ارب روپے ملے، جن میں سے زیادہ تر آمدن کراچی نے فراہم کی، لیکن شہر کو صرف 680 ارب روپے دیے گئے، جو کراچی کے ساتھ ناانصافی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی کو اس کا جائز مالی حصہ ملتا تو شہر میں اسپتال، سڑکیں، روزگار اور انفراسٹرکچر کی صورتحال کہیں بہتر ہوتی۔ انہوں نے سندھ حکومت پر کراچی کو نظرانداز کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اسمبلیوں میں آواز اٹھانے کے باوجود مسائل حل نہیں ہوئے، اس لیے ایم کیو ایم پاکستان اب آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کراچی کے حقوق کے لیے بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی۔