ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے، مگر اسے جوہری ہتھیار بنانے نہیں دیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے، مگر اسے جوہری ہتھیار بنانے نہیں دیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اس وقت امریکا کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم اسے کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وائٹ ہاؤس، واشنگٹن ڈی سی میں سالانہ نامہ نگاروں کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی حکام امریکا سے رابطے میں ہیں اور معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے بقول، "میرا خیال ہے کہ وہ ابھی اس کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں، شاید وقت بھی مناسب نہیں، لیکن میں ان کی بات سننے کے لیے تیار ہوں۔"انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ ان کے بقول اگر ایران نے یہ صلاحیت حاصل کی تو وہ اسے استعمال کر سکتا ہے۔صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی عسکری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی بحریہ عملی طور پر ختم ہو چکی ہے، فضائیہ تباہ ہو گئی ہے، 250 طیارے ناکارہ بنا دیے گئے جبکہ 159 کشتیاں سمندر برد ہو چکی ہیں۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اب مؤثر ریڈار سسٹمز اور محدود تعداد میں ڈرونز باقی رہ گئے ہیں، اگرچہ ایران وقتاً فوقتاً اپنی عسکری سرگرمیاں دکھانے کی کوشش کرے گا، لیکن اس کی مجموعی صلاحیت پہلے جیسی نہیں رہی۔ٹرمپ کے ان دعوؤں پر ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ان عسکری دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے۔