ایرانی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے خلیجِ عمان میں ایک ایل پی جی ٹینکر کو میزائلوں سے نشانہ بنایا، جسے مبینہ طور پر ایرانی گیس لے جانے والا جہاز سمجھ کر حملہ کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حملے میں ٹینکر کے عملے کے دو افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ میزائل حملے سے جہاز کا انجن روم تباہ ہونے کے باعث ٹینکر ناکارہ ہوگیا۔دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں ماہ بحرین اور کویت کے جنگی طیاروں نے خفیہ طور پر ایران کے اندر ڈرونز، میزائل ذخائر اور دیگر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔رپورٹ کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران متحدہ عرب امارات نے بحرین اور کویت کو ایرانی اہداف سے متعلق انٹیلی جنس معلومات اور فضائی دفاعی معاونت فراہم کی۔تاہم امریکا، بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے ان دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ان اطلاعات کی آزاد ذرائع سے بھی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ اس لیے ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر توثیق ہونا ابھی باقی ہے۔