ٹانک میںچیک پوسٹ پر حملہ‘15جوان شہید‘12دہشت گرد ہلاک

حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ کا بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا
 شہدا ء میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہیں ‘ دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر نشانِ عبرت بنایا جائے:صدر
    راولپنڈی (آئی این پی‘آن لائن ) خیبرپختونخوا کے ضلع  ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے میں 15 بہادر جوان شہید ہو گئے جبکہ  سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب چیک پوسٹ پر حملہ کیا اور  سیکیورٹی حصار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیئے جبکہ فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ناکامی کے بعد حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ کا بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا۔ترجمان کے مطابق حملے میں وطن کے 15 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، شہدا میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوہاٹ میں سرکاری اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر نشانِ عبرت بنایا جائے۔ایک بیان میں صدرِ مملکت نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعاکی ۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری مء دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعاکی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا عزم غیر متزلزل ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر نشانِ عبرت بنایا جائے۔