فیری میڈوز کا راستہ بند، لینڈ سلائیڈنگ کے بعد سیاح چلاس میں محصور

فیری میڈوز کا راستہ بند، لینڈ سلائیڈنگ کے بعد سیاح چلاس میں محصور

گلگت بلتستان کے معروف سیاحتی مقام فیری میڈوز جانے والا راستہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں سیاحوں کی بڑی تعداد وہاں پھنس گئی ہے۔

 واقعہ دیامر کے علاقے چلاس میں پیش آیا جہاں شدید لینڈ سلائیڈنگ نے سڑک کے کئی حصوں کو متاثر کیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق فیری میڈوز میں بڑی تعداد میں سیاح موجود ہیں، تاہم چلاس روڈ پر متعدد مقامات لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہو چکے ہیں۔ مقامی افراد اور سیاحوں نے متعلقہ اداروں سے فوری طور پر راستے کی بحالی اور محفوظ ریسکیو آپریشن کا مطالبہ کیا ہے۔

ریسکیو آپریشن جاری
پولیس کے مطابق جو سیاح جسمانی طور پر فٹ اور نوجوان ہیں، انہیں پہاڑی ٹریک کراس کروا کر محفوظ مقامات تک پہنچایا جا رہا ہے۔ تاہم خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے فیری میڈوز سے نکالا جا رہا ہے۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے روڈ کو کلیئر کرنے کیلئے ہیوی مشینری کے ساتھ کام کر رہے ہیں، لیکن مسلسل پتھر گرنے اور دشوار گزار راستوں کے باعث کام میں مشکلات درپیش ہیں۔

سیاحوں کی اپیل
فیری میڈوز میں پھنسے سیاحوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور راستے کو جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ وہ محفوظ طریقے سے گھروں کو واپس جا سکیں۔