پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ جن پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزائیں دی گئی ہیں، انہیں اوپر کی عدالتوں سے انصاف اور ریلیف ملنے کی امید ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کو دی جانے والی سزائیں افسوسناک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں ان سب کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، یہ تمام لوگ پرامن سیاسی کارکن ہیں اور تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔"اسد عمر نے موجودہ سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے تاکہ مسائل کا پرامن حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "پی ٹی آئی سے اس وقت کوئی بات نہیں کر رہا، اگر وہ احتجاج نہ کریں تو اور کیا کریں؟ ان کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ "سیاست ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے، عدالتوں سے انصاف کی امید ہے، میری ہمدردی ان تمام لوگوں کے ساتھ ہے جنہیں سزا دی گئی ہے۔"اسد عمر کے ان بیانات کو سیاسی تجزیہ کار تحریک انصاف کی عدالتی محاذ پر واپسی اور سیاسی مفاہمت کی اپیل کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جبکہ اس سے قبل بھی پارٹی کی جانب سے پرامن سیاسی جدوجہد پر زور دیا جاتا رہا ہے۔