امید ہے بانیٔ پی ٹی آئی جَلد رہا ہو جائیں گے: اسد قیصر

امید ہے بانیٔ پی ٹی آئی جَلد رہا ہو جائیں گے: اسد قیصر

اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم انصاف کے لیے عدالتوں کی طرف دیکھ رہی ہے اور امید کی جانی چاہیے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان جلد رہا ہو جائیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ظلم کی اندھیری رات ختم ہونے والی ہے اور بانی پی ٹی آئی پر لگائے گئے تمام مقدمات کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی نزاکت کے پیش نظر ہم نے سیاسی سرگرمیاں معطل کر رکھی تھیں اور آئندہ بھی ہر قدم آئین و قانون کے مطابق اٹھائیں گے۔واضح رہے کہ بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی اور امریکی مداخلت سے ہونے والی جنگ بندی کے باعث تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی پیرول پر رہائی کے امکانات محدود ہو گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ ہفتے اپنے وکیل اور قومی اسمبلی کے رکن لطیف کھوسہ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں قید عمران خان اور ان کی اہلیہ کی زندگیوں کو بھارتی ڈرون حملوں کے باعث خطرات لاحق ہیں، اس لیے انہیں پیرول پر رہا کیا جائے تاکہ وہ کسی محفوظ مقام پر منتقل ہو سکیں۔تاہم، اسلام آباد ہائی کورٹ نے یہ درخواست فنی وجوہ کی بنا پر واپس کر دی کیونکہ درخواست میں عمران خان اور نیب کو فریق بنایا ہی نہیں گیا تھا۔