پنجا ب میں میٹرک کے نتائج کا اعلان ‘ لڑکیاں بازی لے گئیں لاہور بو رڈ میں سبزی فروش کے بیٹے کی تیسری پوزیشن

لاہور بورڈ میں کامیابی کا تناسب.32 65فیصد رہا،  حرم فاطمہ  1193نمبر لے کر پہلے نمبر، نورالہدی اور حاجی ابوذر تنویر 1188 نمبر کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے

گوجرنوالہ کے امتحانات میں پہلی تین پوزیشنیں 19طلبہ وطالبات نے حاصل کر کے  نیا ریکارڈ قائم کیا‘  ملتان میں 91ہزار 289 طلبہ کامیاب ہوئے
سرگودھا  میں کامیابی کا تناسب 73.81 فیصد رہا،آزاد کشمیر کے  ضلع جہلم ویلی ہٹیاں بالا چناری میں50سالہ شخص نے میٹرک کا امتحان پاس کرلیا

لاہور (آن لائن‘یو این پی)  پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ لاہور بورڈ کی جانب سے میٹرک کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق امتحانات میں کامیابی کا تناسب 65اعشاریہ 32فیصد رہا، امتحانات میں 2لاکھ 54ہزار 12طلبہ نے شرکت کی جس میں ایک لاکھ 65ہزار 912امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ لاہور بورڈ سے حرم فاطمہ نے 1193نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، نورالہدی اور حاجی ابوذر تنویر 1188 نمبر لے کر دوسری جبکہ محمد علی 1187نمبر لے کر تیسری پوزیشن پر رہے۔)لاہور کے سرکاری سکول میں پڑھنے والے سبزی فروش کے بیٹے نے میٹرک بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔لاہور کے سرکاری اسکول میں پڑھنے والے سبزی فروش کے بیٹے ملک فیضان رضا نے شاندار کارنامہ انجام دے کر اپنے والد کا سر فخر سے بلند کردیا۔فیضان گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1 شاہکوٹ کا ہونہار طالب علم ہے  جس نے لاہور بورڈ میٹرک امتحانا ت میں 1186نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے‘ ملتان تعلیمی بورڈ کی جانب سے بھی میٹرک نتائج کا اعلان کیا گیا ہے، مجموعی طور پر ایک لاکھ 25 ہزار 2طلبہ نے شرکت کی جس میں سے 91ہزار 289طلبہ کامیاب ہوئے۔اس کے علاوہ گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ نے بھی میٹرک فرسٹ اینول امتحانات 2025کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر 2لاکھ 25ہزار 71 امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے ایک لاکھ 58ہزار 863امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 70.58فیصد رہا۔ گوجرنوالہ کے میٹرک امتحانات میں پہلی تین پوزیشنیں 19طلبہ وطالبات نے حاصل کر کے تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کیا، 19پوزیشنز میں سے 12پوزیشنز طالبات نے حاصل کر کے میدان مارلیا جبکہ 7پوزیشنز پر بوائز نے اپنا قبضہ جمایا۔۔ بہاولپور بورڈ سے میٹرک امتحان میں 90493 امیدواروں میں سے 62860 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 69.46 فیصد رہا، چشتیاں کی طیبہ امین نے 1185نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی، ہارون آباد کے عبداللہ رشید 1182نمبر لیکر دوسری پوزیشن پر رہے جبکہ چشتیاں کی علیزہ لیاقت 1181نمبر لیکر تیسری پوزیشن پر رہیں۔ملتان تعلیمی بورڈ کی جانب سے بھی میٹرک نتائج کا اعلان کیا گیا ہے، مجموعی طور پر ایک لاکھ 25 ہزار 2 طلبہ نے شرکت کی جس میں سے 91 ہزار 289 طلبہ کامیاب ہوئے۔سرگودھا میٹرک امتحان 2025 کے نتائج میں کامیابی کا تناسب 73.81 فیصد رہا، 93 ہزار 582 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 69 ہزار 72 امیدوار کامیاب قرار پائے۔آزاد کشمیر کی جہلم ویلی سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماء نے 50 سال کی عمر میں میٹرک کا امتحان پاس کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میرپور بورڈ کے تحت منعقدہ میٹرک امتحانات میں ضلع جہلم ویلی ہٹیاں بالا چناری سے تعلق رکھنے والے معروف مقامی سیاسی و سماجی رہنما غلام مرتضیٰ کاظمی نے 50 برس کی عمر میں نمایاں نمبرز کے ساتھ میٹرک کے امتحان میں کامیابی حاصل کی اور علاقے میں نئی مثال قائم کردی