پاکستان کے سیکیورٹی فورسز نے 25 جنوری کو خیبر ضلع کے علاقے باغ میں ایک انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کیا جس میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس آپریشن کا مقصد خوارج کی موجودگی کے بارے میں ملنے والی اطلاعات پر عملدرآمد تھا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور نتیجے میں خوارج کے سرغنہ عزیز الرحمٰن عرف قاری اسماعیل اور مخلص سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آپریشن میں 2 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ خوارج سیکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ اس آپریشن سے پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا عزم ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔