مذاکرات پی ٹی آئی کی فطرت میں نہیں، باہر یہ کچھ اور بات کرتے ہیں، اندر ان کے پاس دلیل نہیں ہوتی
اسلام آباد(یواین پی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما سینیٹر طلال چودھری نے کہاہے کہ وزیراعظم بانی پی ٹی آئی نہیں جو بات سے مکر جائیں،وزیراعظم کی بات پورے پاکستان نے سنی ہے یہ آفر بالکل درست ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے طلال چودھری نے کہاکہ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو بڑی مناسب آفر کی ہے، پورا سچ جاننا ہے تو 2014سے چیزوں کو شروع کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ مذاکرات پی ٹی آئی کی فطرت میں نہیں، مذاکرات میں سننا بھی پڑتا ہے اور پی ٹی آئی کو سننے کی عادت نہیں۔طلال چودھری نے کہاکہ مذاکرات میں بات دلیل سے ہوتی ہے، وزنی دلیل مخالف کی بھی ہو تو مانی جاتی ہے،یہ یک طرفہ طور پر مذاکرات سے دوڑے ہیں۔لیگی رہنما نے کہاکہ باہر یہ کچھ اور بات کرتے ہیں اور اندر ان کے پاس دلیل نہیں ہوتی، ہم جو کہہ رہے ہیں کرکے دکھائیں گے، ہمارے دل میں کھوٹ ہوتا تو کیوں آفر کرتے۔