کوہاٹ :آئل ٹینکرالٹنے سے آتشزدگی ،ڈرائیور زندہ جل گیا

 ٹینکر مکمل تباہ، 2افراد زخمی بھی ہو گئے، ڈرائیور کی شناخت نہ ہو سکی
کوہاٹ (خصوصی رپورٹ )کوہاٹ کے دورافتادہ علاقے شکردرہ میں تیل سے بھرا آئل ٹینکر الٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، ٹینکر تباہ، ڈرائیور جاں بحق، دوافراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ شکردرہ آئل فیلڈ سے اٹک ریفائنری جانے والا تیل سے بھرا آئل ٹینکر شکردرہ کوہاٹ روڈ پر گرگرے کنڈاؤ کے مقام پر بے قابو ہو کر الٹ گیا جس میں فوراً آگ بھڑک اٹھی۔عینی شاہدین کے مطابق آگ کے شعلے کئی گھنٹوں تک بلند ہوتے رہے ،حادثے میں ڈرائیورزندہ جل گیا اور اس کی شناخت ممکن نہ ہو سکی جبکہ دو زخمیوں کو فوری قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا،آئل ٹینکر مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگیا،واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔اطلاعات کے مطابق شکردرہ روڈ پر دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پر حملے کے باعث امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔