گرفتار افراد کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی پولیس تحویل میں لے لی گئی ہیں
لاہور(کرائم رپورٹر)اچھرہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں پر جان لیوا کرتب دکھانے والے 18 منچلوں کو گرفتار کر لیااچھرہ پولیس نے دورانِ پٹرولنگ مختلف شاہراہوں پر ون ویلنگ اور ہلڑبازی میں مصروف افراد کو حراست میں لیا۔ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان صبح سویرے اور رات کے اوقات میں مین شاہراہوں پر خطرناک کرتب دکھا کر اپنی اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے تھے۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز نے ون ویلنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کا نوٹس لیا تھا اور سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں ملزمان کو سرعام جان لیوا سٹنٹ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ گرفتار افراد کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی پولیس تحویل میں لے لی گئی ہیں۔ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے کہا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنی اور دوسروں کی جان کے لیے خطرہ بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔