8 اہم شاہراہوں کے ذریعے دہشتگردوں کی نقل و حرکت ریکارڈ ،سیکورٹی ہائی الرٹ
کراچی(آئی این پی ) کراچی میں 75 سے زائد آبادیوں میں دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی کی رپورٹ پرسیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، آٹھ اہم شاہراہوں پردہشت گردوں کی نقل وحرکت ریکارڈ کی گئی ۔تفصیل کے مطابق کراچی میں دہشتگردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔اسپیشل برانچ پولیس کی خفیہ رپورٹ میں بتایا کہ شہر کی 75 سے زائد آبادیوں میں کالعدم تنظیموں کے دہشتگردوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 8 اہم شاہراہوں کے ذریعے دہشتگردوں کی نقل و حرکت ریکارڈ کی گئی جبکہ اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والے راستوں کو بھی دہشتگردی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔خفیہ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دہشتگردوں کا ہدف سی پیک منصوبے، سرکاری عمارتیں، دفاتر اور دیگر حساس مقامات ہیں، کالعدم تنظیموں بی ایل اے، بی ایل ایف سمیت دیگر گروہوں کے اتحاد کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں جبکہ مجید بریگیڈ، سندھودیش لبریشن اور دیگر تنظیموں سے متعلق بھی اہم انکشافات کیے گئے ہیں