لندن (نیٹ نیوز) مانچسٹر کے قریب ایک برازیلین سٹیک ہاؤس کے 72 سالہ مالک رابرٹ میل مین اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کے ریسٹورنٹ سے سنک اور کچھ پائپ ورک غائب ہو گیا ہے۔ ابتدائی طور پر وہ اس چوری پر الجھن کا شکار تھے لیکن جب عملے نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا تو ایک حیران کن حقیقت سامنے آئی۔ڈیلی سٹار کے مطابق فوٹیج میں ایک خاتون کو ریسٹورنٹ میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے جو سیدھی ٹوائلٹ کی طرف جاتی ہے۔ اس کے ہاتھ میں ایک خالی بلیک بیگ ہوتا ہے۔ تقریباً 11 سے 12 منٹ بعد وہ باہر نکلتی ہے اور اس کے بیگ میں کوئی بھاری چیز نظر آ رہی ہوتی ہے۔رابرٹ میل مین کا کہنا تھا "میں نے زندگی میں بہت سی عجیب چیزیں دیکھی ہیں لیکن ایسا واقعہ پہلی بار ہوا ہے۔ آپ فوٹیج میں دیکھ سکتے ہیں کہ خاتون صرف ٹوائلٹ استعمال کرنے آتی ہے، یہ واضح نہیں کہ اسے کسی نے اجازت دی تھی یا نہیں۔ لیکن جب وہ باہر نکلتی ہے تو اس کے بیگ کا حجم واضح طور پر بڑھ چکا ہوتا ہے۔"ریسٹورنٹ کے عملے کو اس چوری کا پتہ اس وقت چلا جب انہوں نے معمول کے مطابق ٹوائلٹس کا معائنہ کیا۔ رابرٹ میل مین نے بتایا کہ ان کے ریسٹورنٹ میں علیحدہ مردانہ اور زنانہ ٹوائلٹس ہیں اور ہر کیوبیکل میں مہمانوں کے لیے ایک "خوبصورت سنک" نصب ہے۔