لاہور(نیٹ نیوز)کیا کچن کے سنک میں ہر وقت پانی کھڑا رہتا ہے اور اسے نکالنا بہت مشکل لگتا ہے یا کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں؟تو اپنے اردگرد دیکھیں تو ایسا بہت کچھ مل جائے گا جو اس مسئلے سے نجات دلانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔جی ہاں جب کچن سنک کے پائپ کو کھولنا ہو تو چند آسان ٹِرکس اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔البتہ اگر ان سے کوئی فائدہ نہ ہو تو پھر کسی ماہر سے مدد لینے پر غور کرنا چاہیے۔(گرم پانی)یہ بہت آسان اور سستا ترین طریقہ ہے جسے سب سے پہلے آزمانا چاہیے۔پہلے پانی کو ابال لیں اور پھر سنک کے اوپر کھڑے پانی کو جس حد تک نکال سکتے ہیں، نکال لیں۔اس کے بعد ابلے ہوئے پانی کو سنک میں انڈیل دیں اور پھر کچھ دیر انتظار کریں۔اس کام کو کئی بار دہرانے سے کوئی خرچہ بھی نہیں ہوگا مگر یہ تکنیک اکثر کارآمد ثابت ہوتی ہے۔(نمک اور گرم پانی)ویسے تو گرم پانی سنک پائپ میں موجود کچرے کو نرم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے مگر نمک کا اضافہ اس عمل کو زیادہ تیز کر دیتا ہے۔درحقیقت نمک گرم پانی کے مقابلے میں زیادہ کچرے کو پائپ سے خارج کرتا ہے۔اس مقصد کے لیے سنک میں موجود پانی کو نکال کر آدھا کپ نمک ڈرین پائپ میں انڈیل دیں اور کچھ منٹ تک انتظار کرکے گرم پانی کو ڈال دیں۔(سرکہ اور بیکنگ سوڈا)سرکے اور بیکنگ سوڈے کا امتزاج کچن سنک کے پائپ میں پھنسے کچرے کو ہٹانے میں مؤثر ثابت ہوتا ہے۔پہلے سنک میں موجود پانی کو نکالیں اور پھر ایک کپ بیکنگ سوڈے کو ڈرین پائپ میں انڈیل دیں اور اس کے بعد اتنی ہی مقدار میں سفید یا سیب کے سرکے کو ڈالیں۔ایسا کرنے پر بلبلے نظر آئیں گے جس کا مطلب یہ ہوگا کہ کیمیکل کام کر رہا ہے۔جب بلبلے ختم ہو جائیں تو ڈرین پر ایک اسٹاپر لگا کر 15 منٹ تک انتظار کریں اور پھر گرم پانی انڈیلیں، ضرورت پڑنے پر یہ عمل دوبارہ دہرائیں۔(بیکنگ سوڈا اور نمک)اگر آپ یہ کام بلبلوں کے بغیر کرنا چاہتے ہیں تو بیکنگ سوڈے اور نمک کو اکٹھے آزمائیں۔ایک کپ بیکنگ سوڈا میں آدھے کپ نمک کو ملائیں اور پھر اس مکسچر کو ڈرپن پائپ میں انڈیل دیں۔اس کے بعد کئی گھنٹوں تک انتظار کریں اور پھر گرم پانی انڈیل دیں۔ضرورت پڑنے پر اس عمل کو دہرائیں۔(پلنگر)اگر اوپر درج کوئی طریقہ کام نہ کریں تو پھر پلنگر سے مدد لیں۔اگر سنک میں موجود پانی زیادہ نہ ہو تو اس کو مزید پانی سے بھر کر پلنگر کو استعمال کریں۔