بائیکرز لین ،ناقص معیار کی نذر

 پینٹ پہلی ہی بارش میں اتر گیاتھا سائنس اور انجینئرنگ اصولوں کو نظر انداز کرکے پینٹ وائپر سے کروایا گیا 
 لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور کے شہریوں کیلئے بائیکرز لین کا منصوبہ مبینہ لاپرواہی اور ناقص معیار کی نذر ہو گیا۔فیروزپور روڈ پر بنائی گئی بائیکرز لین کا پینٹ پہلی ہی بارش میں اتر گیا۔ایل ڈی اے نے سائنس اور انجینئرنگ اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کنٹریکٹر سے بائیکرز لین کا پینٹ وائپر سے کروایا۔سڑکوں پر زیبرا کراسنگ اور بائیکرز لین کیلئے ‘‘تھرمپلاسٹک پینٹ’’ استعمال کیا جاتا ہے، جو آگ سے گرم کر کے سڑک پر لگایا جاتا ہے جبکہ آئل بیسڈ پینٹ بھی ایک متبادل کے طور پر استعمال ہوتا ہے لیکن یہاں دونوں استعمال نہیں کئے گئے۔ایل ڈی اے نے واٹر بیسڈ پینٹ استعمال کیا، جو وائپر سے لگایا گیا اور ایک بارش بھی برداشت نہ کر سکا۔ایل ڈی اے کی تکنیکی کمیٹی اب یہ جانچ کر رہی ہے کہ سڑک پر کون سا ایسا پینٹ کیا جائے جو پائیدار بھی ہو اور دیرپا بھی، تاہم کمیٹی ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔