ایپسٹین اسکینڈل پر شہزادہ ولیم اور کیتھرین کا ردعمل سامنے آگیا

ایپسٹین اسکینڈل پر شہزادہ ولیم اور کیتھرین کا ردعمل سامنے آگیا

برطانیہ کے شاہی جوڑے، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین نے امریکی سرمایہ کار اور مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق تازہ انکشافات پر پہلی بار عوامی طور پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

کینسنگٹن پیلس کے ترجمان کے مطابق دونوں نے نئی امریکی دستاویزات منظرِ عام پر آنے کے بعد واضح کیا کہ وہ صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں اور ان کی توجہ متاثرین پر مرکوز ہے۔ شاہی جوڑے نے کہا کہ وہ ان پیش رفتوں پر “گہری تشویش” رکھتے ہیں۔یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب شہزادہ ولیم سعودی عرب کے سرکاری دورے کی تیاری کر رہے تھے، جسے سفارتی لحاظ سے اہم سمجھا جا رہا ہے۔شاہی خاندان کے سابق رکن، شہزادہ اینڈریو کے خلاف الزامات ایک بار پھر زیرِ بحث آئے ہیں، جس سے خاندان پر عوامی اور میڈیا کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ تازہ رپورٹس کے مطابق اینڈریو کو نئی دستاویزات میں شامل تصاویر اور ای میلز کی بنیاد پر دوبارہ سوالات کا سامنا ہے، جبکہ پولیس بعض الزامات کا جائزہ بھی لے رہی ہے۔

شہزادہ اینڈریو ماضی میں ایپسٹین سے تعلقات پر معذرت کر چکے ہیں اور کسی بھی غلط کام کی تردید کرتے رہے ہیں۔ تاہم شاہی خاندان نے گزشتہ برسوں میں ان سے فاصلہ اختیار کیا ہے، ان سے شاہی ذمے داریاں واپس لی گئی ہیں اور ان کی رہائش میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق شاہی خاندان کے تازہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بڑھتے ہوئے عوامی دباؤ کے تناظر میں اپنے مؤقف کو واضح کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تنازع مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔