وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر بابائے قوم کو اصول پسندی، دیانت اور بے مثال جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ قائد اعظم کی زندگی قانون کی بالادستی، حق گوئی اور مسلمانوں کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے قائد اعظم کی قیادت کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائد نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور آزاد مسلم ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔وفاقی وزیر نے قائد اعظم کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم کو ملک کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے رہنما قرار دیا اور کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر قائد اعظم نے خاص زور دیا، جس کی بدولت آج ہم آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔
کرسمس کے موقع پر وفاقی وزیر نے مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن محبت، قربانی، بھائی چارے اور امن کے پیغام کی یاد دہانی ہے۔ محسن نقوی نے مسیحی برادری کے ملک کی تعمیر میں کردار کو قابل فخر قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتی برادریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بناتا ہے۔انہوں نے مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور مساوی مواقع کے فروغ کو مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر مذہب کے ماننے والے کو عزت، تحفظ اور یکساں مواقع میسر ہوں گے۔