ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہیرو میجر طفیل محمد شہید کو خراج عقیدت پیش کیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میدان لکشمی پور کے عظیم ہیرو، شہید میجر طفیل محمد کو زبردست الفاظ میں یاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے 8 اگست کو اپنی قیمتی جان کا نذرانہ دے کر بہادری اور جرات کی ایک بلند مثال قائم کی، دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا کر سبز ہلالی پرچم کو سر بلند کیا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ، "نشان حیدر کے وارث، عظیم سپاہی، میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کو اس کی صفوں میں گھس کر مارا، اور دشمن کی گولیوں کا سامنا کرتے ہوئے بٹالین کی قیادت کی اور شجاعت کی لازوال کہانی رقم کی۔" انہوں نے یہ بھی بتایا کہ زخمی ہونے کے باوجود، میجر طفیل محمد نے پیش قدمی جاری رکھی اور دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے اس عظیم لمحے کو قوم کے لیے حوصلہ اور عزم کا درس قرار دیا اور کہا کہ قوم میجر طفیل محمد شہید کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے سب سے آگے کھڑے ہو کر دشمن کے خلاف لڑائی لڑی۔ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ، "میجر طفیل محمد شہید کے آخری الفاظ، کہ 'میں نے اپنا کام مکمل کر دیا ہے، دشمن بھاگ گیا ہے'، آج بھی ہر پاکستانی سپاہی کا نعرہ ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں، پاک بھارت جنگ میں یہ سنہری الفاظ ہر محاذ پر گونجے، اور دشمن کو ہر میدان میں ہزیمت اٹھانی پڑی۔ حالیہ جنگ میں ہمارا ہر سپاہی میجر طفیل محمد کی طرح لڑا، اور اللہ تعالیٰ نے قوم کو بے مثال فتح عطا فرمائی۔محسن نقوی نے دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے اس عظیم سپاہی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کی لازوال قربانی کو ہمیشہ دلیر قوم یاد رکھے گی۔