بھارتی شہر گریٹر نوئیڈا میں بی ٹیک کے پہلے سال کے طالب علم نے خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طالب علم آکاش دیپ کا تعلق بہار سے تھا اور وہ دہلی ٹیکنیکل کیمپس میں بی ٹیک کا طالب علم تھا۔ آکاش دیپ اپنے ہاسٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت اس کا روم میٹ کمرے سے باہر گیا ہوا تھا۔ واپسی پر اس نے آکاش دیپ کو دیکھا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس کو کمرے سے آکاش دیپ کی جانب سے لکھا گیا ایک خط بھی ملا ہے، جو اس نے والدین کے نام تحریر کیا تھا۔ خط میں اس نے والدین سے معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ وہ مزید ان کے پیسے ضائع نہیں کرنا چاہتا اور اپنی موت کا ذمہ دار خود کو قرار دیا، ساتھ ہی کسی اور کو موردِ الزام نہ ٹھہرانے کی اپیل کی۔
خط کے مطابق آکاش دیپ نے لکھا کہ گیارہویں اور بارہویں جماعت میں اس کے نتائج بہتر نہیں تھے، اس نے ایک سال کا وقفہ بھی لیا اور وہ اسی صورتحال کو دوبارہ دہرانا نہیں چاہتا تھا۔ اس نے کہا کہ وہ چار سال تک پڑھائی جاری رکھ کر والدین کو جھوٹی امید نہیں دینا چاہتا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ طالب علم نے تعلیمی دباؤ کے باعث انتہائی قدم اٹھایا۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔