پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر پولیس یونیفارم پہن کر ویڈیو شوٹ کروانے کے معاملے پر قانونی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں، اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست عدالت میں دائر کر دی گئی ہے۔
لاہور کی ایک عدالت میں اداکارہ صبا قمر کے پولیس یونیفارم پہننے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج الیاس ریحان نے ابتدائی سماعت کے بعد کیس کی مزید کارروائی 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔درخواست گزار وسیم زوار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں صبا قمر کو ڈریسنگ روم میں پولیس یونیفارم پہنے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر ایس پی کا بیج بھی موجود تھا۔
درخواست گزار کے مطابق پولیس یونیفارم پہننے یا اس کا استعمال کرنے سے قبل متعلقہ محکمے سے این او سی لینا لازمی ہوتا ہے، تاہم اداکارہ نے بغیر اجازت پولیس وردی پہن کر ویڈیو شوٹ کروائی۔وسیم زوار نے مزید کہا کہ اس معاملے پر تھانہ پرانی انار کلی میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی تھی، لیکن پولیس نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی، جس کے بعد عدالت سے رجوع کیا گیا۔