وزیراعلیٰ سے ’’سکھ آف امریکہ‘‘ کے بانی چیئرمین چندہوک کی سربراہی میں 7رکنی وفدکی ملاقات
سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ کو خراج تحسین پیش کیا،وزیر اعلیٰ مریم نواز کے عوامی فلاحی پراجیکٹس کو سراہا
پنجاب اور پاکستان کیلئے ہمیشہ پیار اور احترام کا مظاہرہ کرنے پر سکھ برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں: مریم نواز
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ’’سکھ آف امریکہ‘‘ کے بانی چیئرمین چندہوک کے ہمراہ 7رکنی وفدنے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکھ وفد سے ملاقات میں پنجابی میں گفتگوکی ۔ امریکن سکھ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی پراجیکٹس کو سراہا ۔ سکھ وفدنے اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کی تعریف و توصیف کی۔ ملاقات میں امریکن سکھ وفد نے پنجاب میں سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ امریکن سکھ وفد نے پنجاب میں کرسمس کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو بھی سراہا ۔ اس موقع پرامریکن سکھ وفد نے پنجابی زبان کے احیا اور پنجابی سائن بورڈ لگانے پر اظہار مسرت کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سکھ آف امریکہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے آنے والے سکھ بھائیوں سے ملاقات خوشی کا باعث ہے۔ خیرمقدم کو اعزاز سمجھتی ہوں۔پنجاب اور پاکستان کے لئے ہمیشہ پیار اور احترام کا مظاہرہ کرنے پر پوری دنیا کی سکھ برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔سکھ برادری کاپنجاب میں موجود مقدس مقامات سے جذباتی تعلق اور پاکستان سے اٹوٹ رشتہ ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بقائے باہمی اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے سکھ بھائیوں نے ہمیشہ خیرسگالی کا مظاہرہ کیا۔