قومی یکجہتی ، سلامتی، استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ‘مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں :شرکا ء کانفرنس
چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیرمتزلزل جرات،پیشہ وارانہ مہارت اورقربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا‘انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں افواج کی کاوشوں کو سراہا
راولپنڈی(آئی این پی ) پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس میں واضح کیا گیا ہے قومی یکجہتی ، سلامتی، استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ، چاہے ایسے عناصر سیاسی ہوں یا کوئی بھی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں فورم نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والوں کے لیے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔فورم نے حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش آیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے غیرملکی ایما پر دہشتگردی کے فروغ کے خلاف ماد روطن کا دفاع کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیرمتزلزل جرات،پیشہ ورانہ مہارت اورقربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے اعادہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں تمام دہشتگردوں، سہولت کاروں ، دہشت گردوں کے معاونین کے ساتھ بھی فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔فورم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستان کا بتدریج استحکام، بہتر مواقع اور عالمی سطح پر وقار حکومت، افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔