پاکستان دہشت گردی کیخلاف عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی کوشش کو بغیر کسی پس و پیش کے سختی سے کچلا جائے گا : کور کمانڈرز کانفرنس

 سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی بیانات کا نوٹس قومی مفادات کا ہرقیمت پر تحفظ کیا جائے فیلڈ مارشل
 فارمیشن کمانڈرز  جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے پیشِ نظر ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنائیں، پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت  کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر مکمل تیاری  رکھی جائے:فیلڈ مارشل عاصم منیر
شہداء  کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد ہیں ‘ قوم ہمیشہ ان کی قربانیوں کی مقروض رہے گی‘ پاکستان پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کے حملوں کی منصوبہ بندی  پر شدید تحفظات ہیں:شرکاء کانفرنس
راولپنڈی(آن لائن)چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کہا ہے پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے۔کورکمانڈرز نے واضح کیا ہے پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور دفاع کا مکمل حق  رکھتا ہے، بیرونی مدد سے انتشار پھیلانے والی ہر ایسی  کوشش کو بغیر کسی  پس و پیش کے سختی سے کچلا جائے گا۔اس عزم کا اظہار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں کیا گیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق  فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا  شہداء  کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی قربانیوں کی مقروض رہے گی۔شرکاء نے افغان طالبان رجیم کے زیرِ تسلط علاقوں سے پاکستان پر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کے حملوں کی منصوبہ بندی اور ان علاقوں کے مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کانفرنس نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک افغان طالبان کے زیرِ تسلط علاقوں کو بھارتی پراکسیوں اور دہشت گرد عناصر کے استعمال سے پاک نہیں کیا جاتا۔فورم نے زور دیا کہ افغان طالبان رجیم کی خودساختہ قیادت کی ذمہ داری ہے کہ ان کے زیرِ تسلط علاقے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہوں۔ شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف دفاع کا مکمل اور جائز حق محفوظ رکھتا ہے۔کور کمانڈرز کانفرنس نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج آپریشن "غضب للحق" کے تحت افغان طالبان کے زیرِ قبضہ علاقوں سے ہونے والی دہشت گرد سرگرمیوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔کانفرنس میں دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں مؤثر اور بہترین طرزِ حکمرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء  نے کہا کہ ایسا مضبوط انتظامی ڈھانچہ قائم کیا جائے جو عوامی خدمت، ترقی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سیاسی سرپرستی میں پنپنے والے دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو بھی توڑ سکے۔فورم نے کہا "معرکہ? حق" میں دشمن کو عبرتناک شکست کے بعد مخالف عناصر ہائبرڈ وارفیئر، جھوٹے بیانیوں اور بیرونی مدد سے پاکستان میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسی ہر سازش اور فتنے کو پوری قوت اور بلاامتیاز کچل دیا جائے گا۔کانفرنس نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے متعلق حالیہ بیانات کا بھی نوٹس لیا اور واضح کیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے 24 اپریل 2025 کے فیصلے اس معاملے پر ریاستی پالیسی کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواجِ پاکستان حکومتی ہدایات اور پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق پاکستان کے جائز پانی کے حصے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گی۔کور کمانڈرز کانفرنس نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور خطے میں پائیدار امن کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت فراہم کرنے پر ہے۔کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام فارمیشن کمانڈرز کو ہدایت کی کہ جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے پیشِ نظر ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مکمل تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیت برقرار رکھی جائے