لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے ضمنی انتخاب 2025ء کے موقع پرامن و امان کو یقینی بنانے کے لئے موثر اور جامع سکیورٹی انتظامات کیے۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ لیڈی کانسٹیبلان سمیت5ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے الیکشن سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔شہربھر میں 132پکٹس اور 322ناکے قائم کیے گئے جہاں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ ترجمان نے بتایا کہ 3ایس پیز،6ایس ڈی پی اوز اور24ایس ایچ اوزنے اپنے متعلقہ علاقوں میں سکیورٹی امور کی نگرانی کی۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کی جانب سے ضمنی انتخاب کے پر امن انعقاد کے لئے جامع حکمت ِ عملی کے تحت بھر پور سکیورٹی فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بہترین سکیورٹی انتظامات کے باعث امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رہی اور شہریوں نے پر امن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔سی سی پی او لاہورنے کہا کہ کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے پولنگ ڈے کی سکیورٹی کی موثر مانیٹرنگ یقینی بنائی گئی۔اس دوران ڈولفن فورس اور پی آر یو کی ٹیموں نے شہر بھر میں مسلسل پٹرولنگ جاری رکھی۔ سینئر پولیس افسران نے فیلڈکی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کے تمام یونٹس نے بہترین ٹیم ورک کامظاہرہ کرتے ہوئے انتخابی عمل کے دوران قیام ِ امن کو ہرممکن طور پر یقینی بنایا۔