آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کرسمس کے موقع پر راولپنڈی کے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ کا دورہ

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کرسمس کے موقع پر راولپنڈی کے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ کا دورہ

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کرسمس کے موقع پر راولپنڈی کے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ کا دورہ کیا اور وہاں مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں منائیں۔

 آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دی اور اقلیتوں کی پاکستان کی ترقی میں خدمات کو سراہا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ آرمی چیف نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز قیادت، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر عمل درآمد کی وجہ سے پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے اصول آج بھی قوم کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کرسمس ہمیں ہمدردی، سخاوت اور خیرسگالی کے آفاقی اصولوں کی یاد دلاتی ہے جو پاکستان کی متنوع قوم کو جوڑنے والی بنیاد ہیں۔ انہوں نے اقلیتوں کو قومی فخر اور قوت کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو قائداعظم کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان ایک پرامن اور خوشحال ملک بن سکے۔