مسلم لیگ ن اتحادی حکومت کے معاملات کو آگے نہیں بڑھانا چاہتی تو ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں ہم اپنا آئندہ کا لائحہ عمل خود طے کر لیں گے:پیپلز پارٹی‘ تحفظات دور کر کے معاملات کو آگے بڑھائیں گے:ن لیگ کی یقین دہانی
گورنر پنجاب اور وزیراعلی کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ، ضلعی سطح پر مختلف کمیٹیوں میں پیپلز پارٹی کو نمائندگی دی جائے گی، رحیم یار خان اور ملتان کی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کی سربراہی پیپلز پارٹی کو دینے پر اتفاق
لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں ) گورنر ہاوس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کے اجلاس میں پوسٹنگ ٹرانسفر میں پیپلز پارٹی سے مشاورت پر اتفاق ہو گیا ، ضلعی سطح پر مختلف کمیٹیوں میں پیپلز پارٹی کو نمائندگی دی جائے گی، اجلاس میں واضح کیا گیا کہ گورنر اور وزیراعلی کے درمیان کوئی اختلاف موجود نہیں ہے۔ منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف، مخدوم احمد محمود، علی حیدر گیلانی، ندیم افضل چن، حسن مرتضی شریک تھے۔مسلم لیگ کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس کے آغاز میں ہی پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن پر دو ٹوک موقف واضح کر دیا۔پیپلز پارٹی کا موقف تھا مسلم لیگ ن اتحادی حکومت کے معاملات کو آگے نہیں بڑھانا چاہتی تو ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنا آئندہ کا لائحہ عمل خود طے کر لیں گے۔ مسلم لیگ ن نے موقف اپنایا ہم پیپلز پارٹی کے تحفظات کو دور کر کے معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف امور پر اتفاق کیا گیا، رحیم یار خان اور ملتان کی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کی سربراہی پیپلز پارٹی کو دینے پر اتفاق بھی ہوا جبکہ جیتنے والے حلقوں میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے منتخب ارکان اسمبلی کو مساوی فنڈز دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ضلعی سطح پر مختلف کمیٹیوں میں پیپلز پارٹی کو نمائندگی دی جائے گی اور پوسٹنگ و ٹرانسفر جیسے معاملات میں بھی مشاورت کی جائے گی۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ گورنر اور وزیراعلی کے درمیان کوئی اختلاف موجود نہیں