اقبال ٹاؤن ڈویژن پولیس نے پتنگ بازی اور پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
سمن آباد اور اقبال ٹاؤن پولیس نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کے مطابق، گرفتار ملزمان کی شناخت آصف، عمران اور انیس کے نام سے ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 17 ڈور کی چرخیاں، درجنوں گڈے اور پتنگ بنانے کا سامان برآمد کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق، ملزم عمران کے قبضے سے پتنگ بنانے کا بھاری مقدار میں سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ ایس پی سدرہ خان نے بتایا کہ تینوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔