لاہور میں قاتل ڈور کی سپلائی ناکام، 60 سے زائد چرخیاں برآمد، ایک ملزم گرفتار

لاہور میں قاتل ڈور کی سپلائی ناکام، 60 سے زائد چرخیاں برآمد، ایک ملزم گرفتار

لاہور میں پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں ناکہ جات پر سخت چیکنگ کے دوران مجاہد اسکواڈ نے ناکہ گلویرہ پر کارروائی کرتے ہوئے قاتل ڈور کی غیر قانونی سپلائی ناکام بنا دی اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت علی حیدر کے نام سے ہوئی ہے، جو خطرناک اور غیر قانونی ڈور کی چرخیاں قصور سے لاہور منتقل کر رہا تھا۔ پولیس اہلکاروں نے ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک رکشے کو روک کر تلاشی لی تو اس میں سے قاتل ڈور کی 60 سے زائد چرخیاں برآمد ہوئیں۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا اور برآمد ہونے والی ڈور قبضے میں لے لی۔ بعد ازاں گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے چوکی صوئے اصل کے حوالے کردیا گیا۔ترجمان کے مطابق شہر میں پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کردی گئی ہیں، جبکہ مشکوک گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ غیر قانونی ڈور کی ترسیل اور فروخت کو روکا جاسکے۔

اس حوالے سے ایس پی بلال احمد کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ایس پی بلال احمد نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ خطرناک ڈور کے استعمال، خرید و فروخت اور ترسیل کی روک تھام کے لیے ناکہ بندی، سخت چیکنگ اور قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔